Tranding
Wed, 18 Jun 2025 05:06 AM

فراق گورکھپوری کے ہمعصر تھے ایم کوٹھیاوی راہی ۔ محبوب سعید حارث

گورکھپور. 

معروف اردو شاعر،افسانہ نگار ، ادیب و صحافی ایم کوٹھیاوی راہی کی ۱۹ ویں برسی پر ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ شہر کے حامد علی ہال ، آغوشِ حمیدیہ،محلہ گھاسی کٹرہ میں منعقد ادبی نشست میں ایم کوٹھیاوی راہی کی ادبی و سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے، انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

صدارت کر رہے ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ ایم کوٹھیاوی راہی مکمل ادیب تھے۔ انہوں فنونِ لطیفہ کی جس صنف میں قلم اٹھایا اسے یادگار بنا دیا۔ 

ساجد علی میموریل سوسائٹی کے سیکریٹری اور محبِ اُردُو محبوب سعید حارث نے بتایا کہ ایم کوٹھیاوی راہی، فراق گورکھپوری کے ہمعصر تھے۔  راہی صاحب جیسی شخصیتیں روز روز نہیں پیدا ہوا کرتیں، راہی ایک فقیر منش انسان تھے، ان کو زندگی سے کبھی کوئی شکایت نہیں رہی۔ وہ پیدا تو اعظم گڑھ میں ہوئے ، لیکن بچپن میں ہی گورکھپور آئے اور تادمِ حیات گورکھپور کے ہو کر رہ گئے ۔ راہی صاحب نے جو ادبی ورثہ چھوڑا ہے ، نئی نسل کو اس سے رو شناس ہونے کی ضرورت ہے۔

پروگرام کی نظامت کر رہے محمد فرّخ جمال نے ایم کوٹھیاوی راہی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ " آیا ہمارے دیس میں اک خوش نوا فقیر ، آیا اور اپنی دھن میں غزلخواں گزر گیا۔ راہی دُنیائے ادب کے وہ فقیر تھے جن تک بہت کم لوگوں کی نگاہیں پہنچ سکیں۔ راہی کی ایک تنہا ذات مختلف صفات کی حامل تھی ۔

نئی نسل کے افسانہ نگار آصف سعید نے بتایا کہ راہی دبستانِ گورکھپور کی شان تھے ، انکا دفترِ اشتراک ،ادبی سرگرمیوں کا مرکز ہوا کرتا تھا۔ راہی کے پاس اپنی کوئی ڈگری بھی تھی، لیکن راہی کی صحبت میں بیٹھ کر لوگوں نے اپنی پی ایچ ڈی پوری کر لی ۔

محمد انور ضیاء نے بتایا کہ ایم کوٹھیاوی راہی ایک بہترین شاعر، افسانہ نگار، ڈارمہ نگار، نثر نگار ہونے کے ساتھ ہی بلند پایہ صحافی بھی تھے۔ 

ضمیر احمد پیام نے کہا کہ ایم کوٹھیاوی راہی کی نظموں کا کوئی جواب نہیں۔ انہوں نے مجاز لکھنوی پر جو نظمیں لکھیں وہ بہت مشہور ہوئیں۔ اُن کے ریڈیائی ڈرامے بھی کافی شہرت کے حامل ہوئے۔

اس موقع پر قاضی توسّل حسین، ندیم اللہ عباسی، ڈاکٹر ترنّم حسن، ڈاکٹر رشدہ قدسیہ، عبدالباقی خان حاصل، سید فرحان قاظمی کے علاوہ قدردان ادب موجود تھے۔

Karunakar Ram Tripathi
30

Leave a comment

logo

Follow Us:

Flickr Photos

© Copyright All rights reserved by Bebaak Sahafi 2025. SiteMap